اگر آپ دن میں اتنی دیر ٹی وی دیکھتے ہیں تو آپ کو کینسر کا شکار ہونے کا خطرہ بے حد زیادہ ہے، سائنسدانوں نے خبردار کردیا

ہماری ٹی وی شوز اور پروگرامز کے حوالے سے پسند نا پسند تو مختلف ہو سکتی ہے لیکن ٹی وی لگ بھگ ہر کوئی دیکھتا ہے۔ بعض لوگ تو گھنٹوں ٹی وی کے سامنے جمے رہتے ہیں۔ اب ایسے لوگوں کو سائنسدانوں نے انتہائی خوفناک خبر سنا دی ہے۔ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق برطانوی سائنسدانوں نے جدید تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ جو لوگ روزانہ 4گھنٹے سے زائد ٹی وی دیکھتے ہیں ان کو کینسر کا مرض لاحق ہونے کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔
امپیریل کالج لندن اور یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے سائنسدانوں نے اس مشترکہ تحقیق میں 5لاکھ مردوخواتین کے 2006ءسے 2010ءکے درمیان حاصل کیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے جن میں انہوں نے بتایا کہ جو لوگ روزانہ ایک گھنٹے سے کم ٹی وی دیکھتے ہیں ان کو4گھنٹے سے زائد ٹی وی دیکھنے والوں کی نسبت35فیصدکم کینسر لاحق ہوتا ہے۔تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر نیل مرفی کا کہنا تھا کہ ”کئی سابق تحقیقات میں یہ بتایا گیا کہ زیادہ ٹی وی دیکھنے کی عادت سگریٹ نوشی، شراب نوشی، موٹاپے اور دیگر ایسی چیزوں کو جنم دیتی ہے تاہم ہماری تحقیق میں اس کے کینسر کا موجب بننے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ اس سے بالخصوص مقعد اور انتڑیوں کا کینسر لاحق ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ ہم نے اس تحقیق میں کمپیوٹر کی سکرینوں کے اثرات کا بھی جائزہ لیا تاہم اس کا ایسا کوئی نقصان سامنے نہیں آیا۔“