”مجھے ڈر ہے کہ جوتی مارنے والے اب ۔۔۔“بے نظیر پر قاتلانہ حملے کی پیش گوئی کرنے والے شیخ رشید نے انتخابات سے قبل ایسی تشویش کا اظہار کردیا کہ نواز شریف بھی خوف میں مبتلا ہو جائیں گے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ابھی جوتی جوتی کھیلا جا رہا ہے بعد میں گولی گولی کھیلیں گے ،مجھے ڈر ہے کہ جو شخص اتنا قریب آکر جوتی مار سکتا ہے وہ گولی بھی مار سکتا ہے ،اللہ اس ملک کو حادثے سے بچائے ۔ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ ملک میں منصفانہ انتخابات ہو جائیں جس کے پیچھے فوج ،نیب اور عدلیہ کھڑی ہو۔
اسلام آباد میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی جماعت حواس باختہ ہو چکی ہے ،مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کا ایسا لائحہ عمل ہونا چاہیے جس پر کسی کو اختلاف نہ ہو ،سپریم کورٹ کو الیکشن کا لائحہ عمل دینا چاہیے ،شفاف الیکشن کے لیے اہم مسئلہ عبوری حکومت کا ہو گا ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر حملے بد بو دار شخص رانا ثنا اللہ کروا رہا ہے ،ابھی یہ جوتا جوتا کھیل رہے ہیں بعد میں گولی گولی کھیلیں گے ۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ رانا ثنا اللہ نے بیان دیا سب سے زیادہ جوتے شیخ رشید کو پڑنے والے ہیں ،آپ کا کیا خیال ہے ؟اس پر شیخ رشید نے کہا کہ اللہ نے جو مجھے عزت دی ہے میں اس قابل نہیں ،رانا ثنا اللہ کا معاشرے میں جو مقام ہے وہ شریفوں کو سمجھ نہیں آرہا ،انہیں لگ پتہ جائے گا ،پہلے بھی رانا ثنا اللہ کی مونچھیں اور بھنویں خاص مصالحے سے صاف کی گئی تھیں ۔
واضح رہے کہ 2008کے انتخابات سے قبل بھی شیخ رشید نے پیشن گوئی کی تھی کہ یہ الیکشن خونی ہو گا اور پھر عام انتخابات سے قبل ہی لیاقت باغ میں بے نظیر بھٹو کو قاتلانہ حملے میں جا ں بحق کیا گیا تھا ۔