ماہرہ خان کی رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ پینے والی تصاویر تو آپ نے دیکھی ہوں گی ؟ اب اداکارہ صبا قمر کی بھی ایسی تصویر منظر عام پر آگئی کہ ہنگامہ برپا ہوگیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ برس ماہرہ خان نیو یارک میں رنبیر کپور کے ساتھ کی جانے والی سگریٹ نوشی کے باعث تنقید کی زد میں آئیں۔ اس معاملے کی گرد ابھی دبی بھی نہیں تھی کہ گزشتہ ماہ ایک بار پھر ماہرہ خان سگریٹ نوشی کرتی ہوئی پائی گئیں۔ ماہرہ خان کے بعد اب صبا قمر کی بھی سگریٹ منہ میں دبائے تصویر منظر عام پر آئی ہے۔

صبا قمر اور ماہرہ خان کی تصاویر میں بنیادی فرق یہی ہے کہ ماہرہ خان کی تصاویر اور ویڈیوز چوری چھپے بنا کر سوشل میڈیا پر لیک کی گئیں جبکہ صبا قمر نے خود اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔ ماہرہ خان تین بار آن کیمرہ تمباکو نوشی کے حوالے سے پکڑی گئیں جبکہ ان کے سگریٹ پینے کے انداز سے بھی لگتا ہے کہ وہ ’عادی مجرم‘ ہیں جبکہ صبا قمر نے جلتی ہوئی سگریٹ صرف دانتوں میں دبا رکھی ہے اور کسی اینگل سے بھی نہیں لگتا کہ انہوں نے کش بھی لگائے ہیں۔

صبا قمر نے یہ تصویر دراصل اپنے حالیہ فوٹو شوٹ کے دوران انسداد تمباکو نوشی کا ہلکے پھلکے انداز میں پیغام دینے کیلئے بنوائی ہے۔ انہوں نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ”مرد پئیں تو واہ، ہم پئیں تو ہا، تم کہو تو چپس، ہم کہیں تو آلو ، تمباکو نوشی صرف خواتین کیلئے ہی نہیں بلکہ سب لوگوں کیلئے مضرِ صحت ہے“۔

صبا قمر کی جانب سے یہ تصویر شیئر ہونے کے بعد لوگوں کی جانب سے طرح طرح کے تبصرے کیے جارہے ہیں لیکن اکثر لوگ ان کے اس ہلکے پھلکے انداز کو خوب سراہ رہے ہیں۔