’پھر وہ جہاز میرے پیر پر چڑھ گیا‘ ائیرپورٹ پر کام کرنے والے شخص کے ساتھ خوفناک واقعہ پیش آگیا، لیکن وہ بچ گیا، آخر کیسے؟

کسی شخص کے پاﺅں سے گاڑی گزر جانے کے واقعات تو آپ نے دیکھ سُن رکھے ہوں گے لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ برطانیہ کے گیٹ وِک ایئرپورٹ کا ایک ورکر پاﺅں کے اوپر سے ہوائی جہاز گزر جانے کے باعث زخمی ہو گیا ہے

۔ میل آن لائن کے مطابق یہ انوکھا ترین واقعہ اس وقت پیش آیا جب روسیا ایئرلائنز کی برطانیہ سے روس جانے والی پرواز ٹیکسی کرتے ہوئے رن وے کی طرف جا رہی تھی جب یہ ورکر اس کی زد میں آ گیا اور طیارے کا ٹائر اس کے پاﺅں کے اوپر سے گزر گیا۔

واقعے کی منظرعام پر آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں اور اہلکاروں نے طیارے کو گھیر رکھا ہوتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ ورکر کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا لیکن تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس حادثے میں اسے کتنی چوٹیں آئیں۔حادثے کی وجہ سے پرواز 2 گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئی جس میں 200سے زائد مسافر سوار تھے۔بعض مسافروں نے بتایا ہے کہ طیارے کا ٹائر ورکر کے پاﺅں کے اوپر آ کر رک گیا تھا اور ایمرجنسی ورکرز نے طیارے کو اٹھا کر اسے نکالنے کی کوشش کی تھی۔ گیٹ وِک ایئرپورٹ کے ترجمان نے بھی حادثے کی تصدیق کر دی ہے۔